جبل پور24؍اکتوبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) مدھیہ پردیش کے ضلع جبلپور میں آج مورتی وسرجن کے سلسلے میں منتظم کمیٹی کے ممبران اور پولیس انتظامیہ کے درمیان تصادم ہوگیا۔مقامی منت والی کالی ماتا کانرمدا ندی میں وسرجن کرنے سے روکے جانے پر کمیٹی کے ممبران اور پولیس اہلکاروں کے مابین پرتشدد تصادم ہوگیا۔ مشتعل ہجوم نے پولیس کی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی اور دو پہیہ گاڑیوں کو آگ لگانے کی کوشش کی۔حالات قابو میں کرنے کے لئے پولیس کو لاٹھی چارج کے ساتھ آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے ۔ تنازع کی صورتحال کے بعد پولیس اہلکاروں نے مورتی اپنے قبضے میں لیکر تالاب میں وسرجن کرایا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ امت سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے 40 سے زائد لوگوں کو تحویل میں لیا ہے ۔ اس واقعہ میں 10 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات ہے ۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سبھی فسادی شراب کے نشے میں دھت تھے ۔مقامی لٹکاری کے پراؤ میں رکھی جانے والی کالی ماتا کی مورتی شہر میں منت والی کالی ماتا کے نام سے مشہور ہے ۔ اس مورتی کا ہر سال گواری گھاٹ پر وسرجن کیا جاتا ہے ۔ تقریباً 8 کلومیٹر کی دوری طے کرنے میں وسرجن کے جلوس کو تقریباً 16 گھنٹے کا وقت لگتا ہے ۔ کل دوپہر یہ جلوس شروع ہواتھا، جو آج صبح گواری گھاٹ پہنچا۔پولیس ذرائع کے مطابق ندی میں مورتی کے وسرجن کو روکنے کے لئے پولیس نے بیریکیٹ اور جے بی سی مشین لگاکر نرمدا روڈ بند کردیا تھا۔ سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے تالاب میں مورتی وسرجن کرنے کی بات کہی لیکن کمیٹی کے ممبر مورتی کا ندی میں وسرجن کرنے پر بضد تھے ۔ اس دوران دونوں جانب دھکا مکی شروع ہوگئی۔